جموں وکشمیر کی ترقی کاغذوں پر ہے زمینی سطح پر نہیں: غلام نبی آزاد

Sunday, 28 Feb, 8.50 pm

جموں: سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی ترقی صرف کاغذوں پر ہے جبکہ زمینی سطح پر صورتحال بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری میں لوگوں کی آمدنی صفر ہوگئی ہے اور سرکار ٹیکس پر ٹیکس لگا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ لوگوں کے اقتصادی حالات کو ٹھیک کرے۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا: 'میں سرکار سے اپیل کرتا ہوں کہ زمین پر کام ہونا چاہئے ترقی صرف کاغذوں اور ٹیلی ویژن پر ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں کی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے اور یہاں کارخا نے بند ہوگئے ہیں جس سے بے روزگاری کافی بڑھ گئی ہے۔ موصوف نے کہا کہ ہم بجٹ کے علاوہ بھی الگ الگ چیزوں کے لئے دلی سے پیسہ لاتے تھے لہذا ضرورت ہے کہ دلی سے دو گنا زیادہ پیسہ لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آمدنی صفر ہوئی ہے اور اس پر ٹیکس پر ٹیکس لاگو کیا جا رہا ہے اور اب ہاؤسنگ ٹیکس بھی لگایا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ لوگوں کے اقتصادی حالات کو ٹھیک کرے۔